انٹرمیڈیٹ نتائج کے اواخر اپریل تک اعلان کے اقدامات

   

لاک ڈاون کے فوری بعد جوابی بیاضات کی جانچ کیلئے بورڈ کی جانب سے تیاریاں
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں انٹرمیڈیٹ نتائج جاریہ ماہ کے اواخر میں جاری کرنے کے اقدامات کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے لاک ڈاؤن کے اختتام کے فوری بعد جوابی بیاضات کی تنقیح شروع کرنے کی حکمت عملی تیار کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق امتحانات میں شریک طلبا کے جوابی بیاضات کی تنقیح کے آغاز کیلئے بورڈ کو تیار رہنے ہدایت دی گئی ہے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے 12مراکز پر 800 جوابی بیاضات کی تنقیح کرنے والوں کو متعین کیا جائے گا اور لاک ڈاؤن کے اختتام کے ساتھ ہی تنقیح کی شروعات کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے اپریل کے اواخر میں نتائج کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کو مکمل کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ بورڈ خود کو تیار رکھے ہوئے ہے اور جو احکامات حکومت سے موصول ہونگے ان کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع یا اختتام کے کوئی اشارے نہیں دئیے گئے ہیں لیکن بورڈ آف کی جانب سے وہ تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں جو جوابی بیاضات کی جانچ کیلئے لازمی ہیں۔جاریہ سال انٹرمیڈیٹ امتحانات میں جملہ 9لاکھ 65ہزار 875 طلباء و طالبات نے شرکت کی ہے جن میں سال اول کے 4لاکھ 80ہزار 531 طلبہ کے علاوہ 4لاکھ85ہزار 344 سال دوم کے امیدوار شامل ہیں۔ قبل ازیں بورڈ کی جانب سے 15اپریل سے قبل جوابی بیاضات کی جانچ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ریاست اور ملک میں لاک ڈاؤن کے بعد جانچ کے عمل کو بھی روک دیا گیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ بورڈ حکام نے اس سلسلہ میں حکومت کے فیصلہ کے مطابق اقدامات کرنے اور جلد جوابی بیاضات کی جانچ مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے اور جوابی بیاضات کی جانچ کے ساتھ ہی سنٹر فار گوڈ گوورننس کے تعاون سے طلباء کے نشانات کو یکجا کرکے ڈاٹا تیار کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے اور سال گذشتہ کی طرح جوابی بیاضات میں جانچ کے دوران کسی قسم کی کوئی خامی نہ رہے اس کیلئے سخت احتیاطی اقدامات کے ساتھ ریاست بھر میں جوابی بیاضات کی جانچ کے مراکز کی بھی نگرانی کو سخت کردیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ لاک ڈاؤن 14 اپریل کو ختم ہونے کی صورت میں جوابی بیاضات کی جانچ کا عمل 15اپریل سے شروع کردیا جائے گا اور اندرون ایک ہفتہ ان کاموں کو مکمل کرنے کیلئے اضافی عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔