قومی شخصیتوں سے متعلق اسباق برقرار، سید عمر جلیل کی وضاحت
حیدرآباد: سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے وضاحت کی ہے کہ کووڈ۔19 کے سبب چار ماہ تک ایام کار کے نقصان کے نتیجہ میں سی بی ایس سی کی تجویز کے مطابق حکومت نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اور سکنڈ ایئر کے نصاب میں 30 فیصد کٹوتی کی اجازت دی ہے۔ سائنس اور میاتھس مضامین میں تخفیف کردہ نصابی حصہ جو سی بی ایس سی نصاب کی بنیاد پر ہے، اس میں تخفیف کی گئی ہے۔ سی بی ایس سی نے نصاب میں کٹوتی کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہیومانٹیز کا مضمون ریاستی نصاب کے مطابق ہے۔ ہر مضمون کیلئے قائم کی گئی ماہرین کی کمیٹی سے درخواست کی گئی اور کمیٹی نے طویل غور و خوض کے بعد صرف جاریہ تعلیمی سال نصاب کے کچھ حصوں کو حذف کرنے کی سفارش کی ہے۔ نصاب میں تخفیف کو عہدیدار مجاز سے منظوری ابھی باقی ہے۔ لہذا منظوری سے قبل نصاب میں کٹوتی کی تجاویز کی اجرائی جلد بازی تصور کی جائے گی ۔ ہر مضمون میں نصاب میں کٹوتی پر تفصیلی غور و خوض کے بعد آئندہ دنوں میں فیصلہ سے واقف کرایا جائے گا ۔ اس وقت تک نصاب میں کٹوتی کے فیصلہ کو حکومت کے زیر غور متصور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی شخصیتوں سماجی مصلحین اور اہم شخصیات سے متعلق مضامین کو حذف کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انٹر میڈیٹ سال اول و دوم کے نصاب میں 30 فیصد کمی کے بعد بعض گوشوں سے نصاب سے اہم شخصیات اور تلنگانہ سے متعلق مضامین حذف کرنے کی شکایت ہے۔