انٹرمیڈیٹ نصاب میں 30 فیصد تک تخفیف کا فیصلہ

,

   

ماہرین تعلیم کی تجاویز کے بعد حکومت کا اقدام ، عنقریب احکام کی اجرائی

حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں 30 فیصد تک کی تخفیف کا فیصلہ کیا گیا اوراس سلسلہ میں آئندہ دو یوم قطعی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ ملک بھر میں کورنا وائرس کی وباء کے باعث تعلیمی سال میں ہونے والی تخفیف اور کارکرد ایام میں کمی کے سبب ماہرین تعلیم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کو سفارشات روانہ کردی گئی ہیں جسے منظوری دیئے جانے کے سلسلہ میں جلد احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے تعلیمی سال 2020-21 کے آغازکا اعلان کیا گیا تھا جبکہ عام طور پر تعلیمی سال کا آغاز ماہ جو کے دوران ہوا کرتا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر آنے والی تبدیلیوں کے باعث تعلیمی سال کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیدارو ںنے ماہرین تعلیم کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست میں موجود انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں 30 فیصد کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے ۔

قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و ٹکنالوجی نے بھی قومی سطح پر انٹرمیڈیٹ کے بعد منعقد ہونے والے اہلیتی امتحانات میں بھی 30 فیصد کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں جو تعلیمی کیلنڈر برائے 2020-21 جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق طلبہ کو 182ایام حاصل ہورہے ہیں جبکہ سابق میں تعلیمی سال کے دوران 222 ایام ملا کرتے تھے لیکن اس سال حالات تبدیل ہونے کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماہرین تعلیم نے بورڈ کو پیش کی جانے والی تجاویز میں کہا ہے کہ طلبہ کی سہولت اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے علاوہ دستیاب کارکرد ایام میں تکمیل کئے جانے والے نصاب کی ہی گنجائش فراہم کی جانی چاہئے اسی لئے 30 فیصد نصاب میں تخفیف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے تمام مضامین میں موجود نصاب میں 30 فیصد کی تخفیف کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ میں کسی قسم کی کوئی بے چینی باقی نہ رہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جو 70 فیصد نصاب تعلیمی سال کے دوران پڑھایا جائے گا اس کی تکمیل کے لئے معینہ مدت فراہم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے توسط سے ماہرین تعلیم کی جو تجاویز موصول ہوئی ہیں ان کا محکمہ اعلی تعلیم نے جائزہ لینے کے بعد اسے منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں باضابطہ احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاست میں انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لئے بھی آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری ہے اور بیشتر خانگی کالجس کی جانب سے بھی آن لائن ڈیجیٹل کلاسس لئے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری کالجس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے یکم ستمبر سے ہی آن لائن ڈیجیٹل تعلیم کا عمل شروع کیا جاچکا ہے ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں تخفیف کے بعد جو نصاب باقی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ مکمل طور پر آن لائن اور ڈیجیٹل کے علاوہ اس نصاب کو الکٹرانک نصاب میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔