حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی چترا رام چندرن نے انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور انٹرمیڈیٹ کے جوابی بیاضات کی جانچ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پرچوں کی جانچ کیلئے مراکز اور اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے بہتر صفائی کے انتظامات اور لکوڈ سوپ اور سینیٹائزرس فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ فی الوقت 12 مراکز موجود ہیں۔ تاہم شریمتی چترا رام چندرن نے 24 زائد عمارتوں میں پرچوں کی جانچ کے مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل اور دیگر عہدیداروں نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ انہوں نے ایمسٹ ، نیٹ ، آئی آئی ٹی ، جے ای ای کیلئے مفت کوچنگ اور آن لائین امتحان کے انعقاد کا بھی جائزہ لیا۔ بورڈ کی جانب سے آن لائین اسٹڈی میٹریل فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے آندھراپردیش ، اڈیشہ ، بہار ، اترپردیش اور دیگر ریاستوں کے طلبہ کو کلاسس سے استفادہ کی اجازت دینے کا مشورہ دیا۔ آن لائین امتحان میں شرکت کیلئے 8867 طلبہ نے رجسٹریشن کروایا تھا جن میں ایم پی سی کے 5346 اور بائی پی سی کے 2354 طلبہ نے شرکت کی ۔