5000 ٹیچرس، 9.5 لاکھ طلبہ کے 55 لاکھ بیاضات کی جانچ میں مصروف
جون کے دوسرے ہفتہ میں نتائج متوقع
حیدرآباد 12 مئی (این ایس ایس) انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پرچوں کی جانچ کا بالآخر آج سے آغاز ہوگیا۔ جس کا طویل عرصہ سے بے چینی کے ساتھ انتظار کیا جارہا تھا۔ جانچ کرنے والے اسٹاف کے ارکان گن فاؤنڈری کے قریب محبوبیہ گرلز کالج میں واقع مرکز پر جمع ہوئے تھے۔ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے پرچوں کی پہلے جانچ ہوگی بعدازاں سال اول کے پرچوں کی جانچ مقرر ہے۔ کورونا وائرس کے خطرات کو ملحوظ رکھتے ہوئے جانچ کے مرکز کی تعداد کو 12 سے بڑھاکر 33 کردیا گیا ہے۔ 15000 ٹیچرس کی جانب سے 9.5 لاکھ طلبہ کے تقریباً 55 لاکھ جوابی بیاضات کی جانچ کی جائے گی۔ جانچ کرنے والے اساتذہ کورونا وائرس کی زد سے بچنے کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ان مقامات پر پہونچ رہے ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ جوابی بیاضات کی جانچ کرنے والے ٹیچرس کے قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان تمام ٹیچرس کو تین شخصی ماسک، سینٹائزرس مہیا کئے گئے ہیں۔ کسی رکاوٹ کے بغیر آسان و پُرسکون آمد و رفت کو یقینی بنانے پولیس پاس بھی دیئے گئے ہیں۔ جوابی بیاضات کی جانچ کرنے والے مراکز کے قریب جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے۔ یہ عمل اس جانچ کی تکمیل تک جاری رہے گا۔ توقع ہے کہ جون کے دوسرے ہفتہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔