انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات ملتوی

   

جون کے پہلے ہفتہ میں نئی تاریخوں پر غور ہوگا، سکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ سید عمر جلیل کا بیان
انٹر میڈیٹ امتحانات کے وقت کو تین گھنٹے سے گھٹاکر 90 منٹ کرنے کی تجویز

حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ یہ امتحانات 29 مئی تا 7 جون منعقد ہونے والے تھے جنہیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے بتایا کہ ریاست میں کورونا وباء اور لاک ڈاون کے پیش نظر پریکٹیکل امتحانات ملتوی کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتہ میں کورونا صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد امتحانات کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل امتحانات سے 15 دن قبل شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سیکنڈ ایئر جنرل کورسز اور فرسٹ اور سیکنڈ ایئر ووکیشنل کورسز کے پریکٹیکل امتحانات ملتوی رہیں گے۔ اسی دوران حکومت نے انٹرمیڈیٹ امتحانات 2021 ء میں طلبہ کو راحت پہنچاتے ہوئے امتحانی وقت کو تین گھنٹے سے گھٹا کر 90 منٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ کو پرچہ سوالات میں سے صرف 50 فیصد کے جواب لکھنے ہوں گے۔ توقع ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات جولائی کے وسط میں منعقد ہوں گے اور امتحانات کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ نے مرکزی وزارت تعلیم کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ مرکزی حکومت کی تجویز کے مطابق تلنگانہ حکومت پلان اے پر عمل کرنا چاہتی ہے جس کے تحت امتحان کے وقت کو تین گھنٹے سے گھٹاکر 90 منٹ کرنے کی تجویز ہے۔ طلبہ سے کہا جائے گا کہ وہ امتحانی وقت میں کمی کے پیش نظر صرف 50 فیصد سوالات کے جواب لکھیں۔ نتائج کی اجرائی کے لئے اسے صد فیصد تصور کیا جائے گا ۔ مرکز کو اطلاع دی گئی ہے کہ کورونا وباء اور سماجی دوری کی برقراری کیلئے حکومت صبح اور دوپہر دو علحدہ سیشن میں امتحانات کے انعقاد کی تجویز رکھتی ہے۔ دونوں سیشن کے لئے دو مختلف امتحانی پرچے رہیں گے۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات جولائی کے وسط میں منعقد کرنے اور اگست کے اختتام تک نتائج کے اعلان کا منصوبہ ہے۔ ایسے طلبہ جو کووڈ۔19 یا پھر کسی اور وجہ سے امتحانات میں شرکت نہیں کرسکے، انہیں ایک اور موقع دیا جائے گا ۔