انٹرنتائج دھاندلیوں پر پونم پربھاکر کا گورنر کو مکتوب

   

Ferty9 Clinic

خانگی ادارہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 23۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں کیلئے ذمہ دار خانگی ادارہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نتائج کے بعد طلبہ کی خودکشی کے واقعات سے انہیں اور دیگر عوامی نمائندوں کو کافی صدمہ پہنچا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ خانگی کمپنی مسرز گلوبرانا ٹکنالوجیز پرائیویٹ لمٹیڈ کی لاپرواہی کے نتیجہ میں انٹر نتائج میں خامیاں پائی گئیں ۔ ابھی تک 18 طلبہ نے خودکشی کرلی۔ سابق میں جب اسی طرح کی لاپرواہی کا واقعہ پیش آیا تو گورنر نے جے این ٹی یو کاکیناڈا کے ذمہ داروں کے خلاف از خود کارروائی کی تھی لیکن تلنگانہ کے معاملہ میں ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ معصوم طلبہ کی موت سے نہ ہی ریاستی حکومت اور ریاستی گورنر کو کوئی اثر ہوا ہے کیونکہ دونوں جانب سے اس معاملہ میں کمپنی اور اس کے عہدیداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ پونم پربھاکر نے خاطیوں کے خلاف فوری کارروائی اور طلبہ کو انصاف دلانے کی اپیل کی۔