پرگتی بھون میں مرکزی وزیر ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا کی چیف منسٹر سے ملاقات ، مرکز سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن
حیدرآباد 11 ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کی توسیع کے علاوہ ریاست میں 6 نئے ایرپورٹس کے قیام میں تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون و اشتراک فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ وزیر شہری ہوا بازی نے آج پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے خیر سگالی ملاقات کی اور چیف منسٹر کے ساتھ لنچ کیا ۔ چیف منسٹر نے جیوتر آدتیہ سندھیا کو بتایا کہ تلنگانہ معاشی ترقی مرکز کے طرز پر ترقی کررہا ہے ۔ شہر حیدرآباد انٹرنیشنل سٹی کے طرز پر فروغ پارہا ہے ۔ بیرونی ممالک سے ہوائی مسافرین کی حیدرآباد آمد میں بہت اضافہ ہوا ہے ۔ لہذا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو ترقی اور توسیع دینے کی ضرورت ہے ۔ اس معاملے میں تلنگانہ حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔ جیوتر آدتیہ سندھیا نے اس معاملے میں ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد بزنس ہب ، آئی ٹی ہب ، ہیلت ہب ، ٹورازم ہب کی طرز پر ترقی حاصل کررہا ہے ۔ شہر حیدرآباد تیزی سے توسیع ہورہا ہے ۔ ملک کے مختلف شہروں کے علاوہ انٹرنیشنل شہروں سے مسافرین شہر پہونچ رہے ہیں ۔ ساتھ ایسٹ ایشیا ، یوروپ اور یو ایس کے لیے حیدرآباد سے راست فلائٹس کی کنکٹویٹی بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ ریاست کے 6 مقامات پر ایرپورٹس کے قیام کے لیے جلد از جلد منظوری دینے حیدرآباد ایرپورٹ کو میٹرو کنکٹویٹی بڑھانے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے انٹرنیشنل ایرپورٹ کی ترقی میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ 6 کے منجملہ ورنگل ( منمور ) ایرپورٹ سے آپریشنس کا آغاز کرنے کے لیے بہت جلد فیصلہ کرنے کا تیقن دیا ۔ نظام آباد ( جکران پلی ) میں ایرپورٹ کے تعلق سے عنقریب ٹکنیکل کلیرنس دیا جائے گا ۔ عادل آباد میں ایرپورٹ کے قیام کے لیے ایرفورس سے ان کی وزارت مذاکرات کرے گی ۔ پداپلی بسنت نگر ، کتہ گوڑم ، محبوب نگر ( دیواکدرا ) ایرپورٹس پر چھوٹے ہوائی جہاز چلانے کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا ۔ N
بنڈی سنجے کی یاترا جاری
حیدرآباد11ستمبر(یواین آئی) تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی پرجاسنگرام یاترا 15ویں دن بھی جاری ہے ۔انہوں نے آج سنگاریڈی سنگوپیٹ سے آغاز کیا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ عوام میں بھروسہ اور خود اعتمادی پیدا کرنے یاترا کی شروعات کی گئی ہے ۔مسٹرسنجے نے نشاندہی کی کہ یہ یاترا ریاست میں سیاسی تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔یہ یاترا 35دن تک جاری رہے گی۔ انہوں نے آج عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔مسٹرسنجے نے ضلع کے مختلف مقامات پر بی جے پی کے لیڈروں کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کئے جس میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے 17ستمبر کو دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔