ڈائرکٹریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن کا غیر معینہ مدت کیلئے فیصلہ
اومی کرون کا اثر
نئی دہلی : کمرشیل انٹرنیشنل فلائیٹس کا احیاء جو 15 ڈسمبر سے طئے کیا گیا تھا، ڈائرکٹریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن نے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ۔یہ فیصلہ حکام کو کوویڈ کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے پھیلاؤ کو ملحوظ رکھتے ہوئے کرنا پڑا ہے۔ ملک بھر میں ایرپورٹس پہلے ہی آنے والے مسافروں پر کئی قسم کی تحدیدات لاگو کرچکے ہیں۔ خاص طور پر جوکھم والے ملکوں سے آنے والوں کو کڑی جانچ سے گذارا جارہا ہے۔ ان کے کوویڈ ٹسٹ لئے جارہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کو کورنٹائن سنٹر بھیجا جارہا ہے۔ ڈی جی سی اے نے آج ایک نوٹ جاری کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ فلائیٹ آپریشن کا جاریہ ’’ایرببل‘‘ سسٹم برقرار رہے گا جو 31 ملکوں کے ساتھ معاہدوں کے تحت چل رہا ہے۔ عالمی سطح پر کورونا اور اس کے مختلف اقسام کے انفیکشن دوبارہ پھیلنے لگے ہیں جس کی وجہ سے پھر ایک بار فضائی سفر درہم برہم ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ تمام متعلقین کے ساتھ مشاورت میں صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ شیڈولڈ کمرشیل انٹرنیشنل پاسنجر سرویسیس کا احیاء کب ہوگا۔ حالیہ دنوں میں کوویڈ ویرینٹ اومی کرون نے افریقی ملکوں اور یوروپی حصہ میں تشویشناک صورتحال پیدا کردی ہے۔ 26 نومبر کو حکومت نے اعلان کیا تھا کہ 15 ڈسمبر سے انٹرنیشنل کمرشیل فلائیٹس کا احیاء کیا جائے گا مگر اب یہ ممکن نظر نہیں آتا ہے۔