انٹرنیٹ بند کرنے میں ہندوستان نمبر 1

   

نئی دہلی : ہندوستان انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کرنے یعنی انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے میں دنیا میں نمبر وَن پوزیشن پر ہے۔ اس کی جانکاری اسی سال مارچ میں ’ایکسس ناؤ‘ اور ’کیپ اِٹ آن کولیشن‘ نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔ ہندوستان میں انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کی شروعات 2016 میں ہوئی تھی۔ اب ’نیٹ لاس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2023 کی پہلی چھ ماہی میں ہندوستان میں انٹرنیٹ بند ہونے سے 1.9 بلین ڈالر یعنی تقریباً 15590 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس مدت میں منی پور اور پنجاب میں سب سے زیادہ انٹرنیٹ بند رہا ہے۔’نیٹ لاس‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شٹ ڈاؤن کے سبب غیر ملکی سرمایہ کاری میں تقریباً 118 ملین ڈالر (تقریباً 968 کروڑ روپے) کا نقصان ہوا اور 21000 سے زیادہ ملازمتیں چلی گئیں۔ یعنی چھ مہینے میں صرف انٹرنیٹ بند ہونے کے سبب 21 ہزار لوگوں نے ملازمت گنوائی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتیں اکثر یہ مان بیٹھتی ہیں کہ انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن سے امن بنا رہے گا، غلط اطلاعات کی تشہیر رک جائے گی یا سائبر سیکورٹی خطرات سے ہونے والا نقصان کم ہو جائے گا، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔