نئی دہلی11ستمبر (یو این آئی) سی بی آئی نے جرائم کی روک تھام سے متعلق بین الاقوامی تنظیم (انٹرپول) کے تعاون سے طویل عرصے سے مطلوب مفرور منور خان کو کویت سے ہندوستان واپس لانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ملزم پر سازش، دھوکہ دہی اور جعلسازی جیسے سنگین الزامات ہیں۔سی بی آئی کی بین الاقوامی پولیس سپورٹ یونٹ نے وزارت خارجہ اور کویت کی نیشنل کرائم برانچ کے تعاون سے اس کارروائی کو انجام دیا۔ منور خان کو کویت پولیس کی نگرانی میں 11 ستمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لایا گیا، جہاں سی بی آئی کی اسپیشل کرائم برانچ، چینائی کی ٹیم نے اسے حراست میں لے لیا۔منور خان پر بینک آف بڑودہ سے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے جس کے فوراً بعد وہ کویت فرار ہوگیا اور عدالت نے اسے اشتہاری مجرم قرار دے دیا تھا۔