15 مارچ تا 4 اپریل امتحانات کا انعقاد، ریاست بھر میں 1473 امتحانی مراکز کا قیام
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات کیلئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔15 مارچ سے امتحانات کا آغاز ہوگا جو 4 اپریل تک جاری رہینگے۔ جملہ 9,51,022 طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے جن میں 9.06 لاکھ ریگولر اور 45 ہزار خانگی ہیں۔ ان کیلئے 1473 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ۔ صبح 9 تا دوپہر 12 بجے امتحانات منعقد ہوگا۔ ابھی تک کالج لاگ ان آئی ڈی میں طلبہ کو ہال ٹکٹس جاری کئے گئے ہیں۔ سی سی کیمروں کی نگرانی میں امتحانات کا انعقاد کیا جائیگا۔ طلبہ میں پرچہ سوالات کی تقسیم اور جوابی پرچہ کی حوالگی تک تمام عمل کو سی سی کیمروں میں محفوظ کیا جائیگا۔ امتحانی مراکز کے پاس 144 دفعہ نافذ کیا جائیگا۔ فرسٹ ایئر میں جملہ 4,98,692 طلبہ نے داخلہ لیا ہے ان میں 4,82,501 نے امتحانی فیس داخل کی ۔ اس طرح سیکنڈ ایئر میں 4,60,872 طلبہ نے داخلہ لیا اور 4,23,901 لاکھ نے امتحانی فیس داخل کی ہے ۔ جملہ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر میں 9,59,564 طلبہ نے داخلہ لیا ہے اور 9,06,402 لاکھ نے امتحانی فیس داخل کی ہے۔ انٹر میں اس سال 53,162 طلبہ نے امتحانی فیس داخل نہیں کی جبکہ یہ تمام طلبہ نے داخلہ حاصل کیا اور آن لائن اپنے ناموں کا اندراج کیا تاہم امتحانی فیس ادا نہیں کی جس میں انٹر فرسٹ ایئر کے 16,191 طلبہ اور سیکنڈ ایئر کے 36,971 طلبہ شامل ہیں۔ فیس کی ادائیگی کیلئے انٹر بورڈ نے کئی مرتبہ موقع فراہم کیا اور تتکال اسکیم کے تحت بھی فیس ادا کرنے سہولت دی گئی باوجود اس کے 53 ہزار سے زائد طلبہ کی جانب سے فیس ادا نہ کرنے پر عہدیداروں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ن
