انٹر امتحانات کا آغاز ، پانچ لاکھ فرسٹ ایئر امیدواروں کی شرکت

   

پانچ منٹ سے زیادہ تاخیر پر داخلہ کی اجازت نہیں، سکریٹری نے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا

حیدرآباد ۔25 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے تحت انٹرمیڈیٹ سرکاری امتحانات کا آج سے ریاست بھر میں آغاز ہوا۔ تقریباً 10 لاکھ امیدوار فرسٹ اور سکنڈ ایئر کے امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بورڈ نے ریاست بھر میں جملہ 1495 امتحانی مراکز قائم کئے جن میں 404 گورنمنٹ کالجس ، 863 پرائیویٹ کالجس ، 221 ایڈیڈ کالجس اور 7 دیگر تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ امیدواروں کو ایک گھنٹہ قبل پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی اور صبح 8.30 بجے سے امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت دی گئی۔امیدواروں کو محض 5 منٹ تاخیر کی صورت میں داخلہ کی اجازت دی گئی جبکہ اس کے بعد آنے والے امیدوار امتحان سے محروم رہے۔ امیدواروں کیلئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے اور ڈرائیورس کوہدایت دی گئی کہ وہ امیدواروں کی خواہش کے مطابق بس کو روکیں۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کا آج سکنڈ لینگویج پیپر 1 امتحان ہوا جس کیلئے 514598 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا تھا۔ امتحان میں شریک امیدواروںکی تعداد 498694 درج کی گئی اور 15903 امیدوار غیر حاضر رہے۔ 96.90 فیصد امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ ریاست بھر میں نقل نویسی کا ایک بھی معاملہ درج نہیں ہوا ۔ بورڈ کے آبزرورس نے مختلف اضلاع میں امتحانی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ اسی دوران سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کرشنا ادتیہ نے آج سکندرآباد اور ماریڈ پلی کے علاقوں میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صورت حال کا جائزہ لیا۔ سکریٹری نے امتحانات کے انتظامات پر مراکز کے اسٹاک سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے امتحان ہالس میں پہنچ کر امیدواروں کو فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کرشنا ادتیہ نے اویناش کالج آف کامرس ، سینٹ فراسیس جونیئر کالج فار گرلز ، سینٹ میری جونیئر کالج ، ایم آر ایم آر گورنمنٹ جونیئر کالج ماریڈ پلی اور ایکسلینس جونیئر کالج ماریڈ پلی کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانات کے موثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بورڈ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے جس کا کنٹرول بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں قائم کیا گیا ہے۔1

انٹرمیڈیٹ کے 8 طلبہ کو تلنگانہ
ہائیکورٹ سے راحت
حیدرآباد ۔25 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کالجس کی لاپرواہی کے شکار 8 انٹرمیڈیٹ طلبہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے ہال ٹکٹس کی اجرائی کو یقینی بنایا ہے ۔ ہائی کورٹ نے سکریٹری محکمہ تعلیم اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ 8 امیدواروں کو ہال ٹکٹ جاری کرتے ہوئے امتحان میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے۔ فرسٹ اور سکنڈ ایئر سے تعلق رکھنے والے 8 طلبہ نے ہال ٹکٹ کی عدم اجرائی اور امتحانی فیس قبول کرنے سے بورڈ کے انکار کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی ۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ کالجس میں فیس جمع کردی تھی لیکن کالجس کے حکام بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن میں جمع کرنے میں ناکام رہے۔ کالجس نے بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ۔ باوجود اس کے طلبہ کی فیس قبول نہیں کی گئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ کالج کی غلطی کا خمیازہ طلبہ کو بھگتنے کیلئے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ بورڈ کے وکیل نے کہا کہ فیس داخل کرنا کالجس کی ذمہ داری ہے اور اس مرحلہ پر کوئی راحت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد 8 درخواست گزار طلبہ کو ہال ٹکٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔1