حیدرآباد 6 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ امتحانات کے پرسکون انعقاد اور سارے عمل کو ایک منظم انداز میں مکمل کرنے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج اس سلسلہ میں انٹرمیڈیٹ بورڈ ‘ ایس ایس سی بورڈ اور دوسرے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے انتظامات کی تیاریوں پر غور کرتے ہوئے مختلف اقدامات کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ گذشتہ سال کی طرح غلطیاں نہ ہونے پائیں۔ سومیش کمار نے کہا کہ جو تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس کی سفارشات پر من وعن عمل کیا جا رہا ہے ۔ پرچوں کی جانچ کرنے والوں کیلئے تربیت کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ جانچ کے مراکز پر بھی درکار اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں نے چیف سکریٹری کو مطلع کیا کہ انٹر امتحانات کا 4 تا 23 مارچ انعقاد عمل میں آئیگا جبکہ ایس ایس سی امتحانات 19 مارچ سے شروع ہونگے ۔