حیدرآباد۔یکم۔ اگسٹ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹر سال اول کے داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع دیتے ہوئے اسے 20 اگسٹ 2025 کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری کے نتائج کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیاگیافیصلہ ہے۔ جاریہ تعلیمی سال 2025-2026 میں انٹر سال اول میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ 20 اگسٹ 2025 تک کالجس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق بورڈ نے ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ جونیئر کالجس میں انٹر سال اول میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو 20 اگسٹ2025 تک کی مہلت فراہم کی جائے تاکہ ان طلبہ کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو جن کے نتائج کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ بورڈ کے فیصلہ کے مطابق سرکاری ‘ غیر سرکاری ‘ امدادی ‘ خانگی اور اقامتی کالجس میں بھی اس مدت کے دوران داخلوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے گی۔اس کے علاوہ ان ڈگری کالجس میں بھی دئے جاسکتے ہیں جن میں دو سالہ کمپوزیٹ ڈگری کورسس موجود ہے۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے داخلوں میں 20 اگسٹ تک کی توسیع کو قطعی توسیع قراردیتے ہوئے کہا کہ جونیئر کالجس سال اول میں داخلہ کا یہ آخری موقع ہے اور اس میں مزید توسیع نہیں ہوگی ۔ بورڈ نے تمام ملحقہ و مسلمہ جونیئر کالجس کے پرنسپلس اور ذمہ داروں کو اس بات کی ہدایت جاری ہے کہ وہ 20اگسٹ 2025 تک طلبہ کو داخلوں کو یقینی بنائیں۔3