انٹر سال اول کیلئے ڈیجیٹل کلاسیس کا منصوبہ پیر سے آغاز ممکن ۔ تیاریاں جاری

   

حیدرآباد۔ 5 اگسٹ ( سیاست نیوز ) انٹرمیڈیٹ سال اول کے طلبا کیلئے ڈیجیٹل کلاسیس کا امکان ہے کہ 9اگسٹ سے آغاز ہوگا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اور کمشنریٹ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے دوردرشن اور ٹی ۔ ساٹ نیٹ ورک چینلس کے ذریعہ ڈیجیٹل مواد نشر کرنے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے حال ہی میںانٹر سال اول میں تعلیمی سال 2021-22 داخلوں کی تاریخ میں 17 اگسٹ تک توسیع کردی تھی ۔ اب تک جملہ 97,949 طلبا نے 404 گورنمنٹ جونئیر کالجس میں انرول کیا ہے ۔ ان میں 80,092 جنرل اور 17,857 ووکیشنل کورسیس کیلئے ہیں۔ چونکہ ابھی داخلوں کا عمل جاری ہے ایسے میں ڈیجیٹل کلاسیس کا آغاز نہیں ہوا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ جو مواد ٹیلی کاسٹ کیا جانا ہے اس میں 70 فیصد تیار کیا جاچکا ہے ۔ کچھ مواد کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ تاخیر سے داخلہ پانے والوں کو نقصان سے بچانے کیلئے ابھی تک کلاسیس کا آغاز نہیں کیا گیا تھا ۔ اب 9 اگسٹ سے کلاسیس کے آغاز کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ۔ سال دوم کیلئے ڈیجیٹل کلاسیس کا آغاز ہوچکا ہے ۔