انٹر سال اول کے داخلے بذریعہ واٹس ایپ دینے کا جائزہ

   

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ تیاریوں میں مصروف، بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا: سید عمر جلیل

حیدرآباد : سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل نے کہا کہ انٹرفرسٹ ایئر کے طلبہ کو کورونا بحران کے پیش نظر واٹس ایپکے ذریعہ داخلہ دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اگر یہ ممکن ہوگیا تو تجربہ کے طور پر پہلے سرکاری جونیر کالجس میں اس پر عمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد خانگی کالجس میں واٹس ایپداخلوں کے عمل کو توسیع دی جائے گی۔ واضح رہیکہ ریاست میں انٹرفرسٹ ایئر میں داخلوںکا 25 مئی سے عمل شروع ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 5 جولائی تک داخلے دینے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کا آن لائن عمل جاری ہے۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ واٹس ایپ داخلوں کے معاملے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ عہدیداروں کی جانب سے واٹس ایپ داخلہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چند عہدیداروں نے واٹس ایپ داخلوں کے تعلق سے سکریٹری بورڈ سید عمر جلیل سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا گیا ہیکہ کورونا بحران کے دوران طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے والا یہ بہتر اقدام ہے۔ عمر جلیل نے اس پر کام کرنے کی عہدیداروں کو اجازت دی ہے۔ کورونا کے پیش نظر گذشِتہ سال انٹر فرسٹ ایئر کے آن لائن میں داخلے دیئے گئے۔ اس سال آن لائن کے علاوہ واٹس ایپ داخلہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اگر ممکن ہوگیا تو طلبہ جو کالجس میں داخلہ لینا چاہتے ہیں وہ کالج پرنسپل کے واٹس ایپ نمبرپر ایس ایس سی میمو، آدھار کارڈ نمبر کورس، میڈیم سیکنڈ لینگویج کی تفصیلات پیش کریں۔ پرنسپلس انٹر ویب سائیٹ پر تفصیلات درج کرنے پر داخلوں کا عمل مکمل ہوگا۔ داخلے مکمل ہونے پر اس کی تصدیق کرکے اڈمیشن نمبر متعلقہ طالب علم کے واٹس ایپ نمبر پر روانہ کردیا جائے گا۔