خصوص ایپ میں سوالات جوابات دستیاب رہیں گے ، بورڈ آف انٹر میڈیٹ کا اہم فیصلہ
حیدرآباد :۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ طلبہ کو ٹیلی ویژنس کے ذریعہ آن لائن تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ انہیں مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پی ڈی ایف کی شکل میں اسٹیڈی میٹریل فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اس کے متعلق تیاریاں تقریباً مکمل ہوگئی ہیں ۔ گذشتہ سال لکچررس سے پہلے ہی کلاسیس ریکارڈ کراتے ہوئے اس کو یکم ستمبر سے دور درشن سے نشر کیا تھا ۔ اس مرتبہ ان کلاسیس کے علاوہ متعلقہ سوالات اور جوابات پر مشتمل اہم مواد پی ڈی ایف کی شکل میں تیار کیا جارہا ہے ۔ اس کے لیے خصوصی ایپ تیار کرتے ہوئے جس میں دستیاب رکھا جائے گا ۔ اس میٹریل سے طلبہ جب چاہے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ کتنے طلبہ نے کتنے سبجکٹس کو کتنے بار پڑھا ہے اس کی بھی تفصیلات کا پتہ چل جائے گا ۔ کارپوریٹ اور خانگی جونیر کالجس سے مسابقت کرنے کے لیے حکومت گذشتہ سال کی بہ نسبت دو ماہ قبل ہی آن لائن کلاسیس شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ فی الحال ریاست میں لاک ڈاون ہے اور ساتھ ہی مئی کی اواخر تک گرمائی تعطیلات ہیں یکم جون کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔ جس میں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کا قوی امکان ہے ۔ حکومت کی جانب سے جون کے اواخر میں انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایر کے سالانہ امتحانات منعقد کرنے کا قوی امکان ہے ۔ امتحانات کا عمل مکمل ہونے کے بعد آن لائن کلاسیس کا آغاز کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔۔