بصورت دیگر سکنڈ ایر کے امتحانات کے ساتھ تحریر کرنا ہوگا ، ایک یا دو دن میں ڈی ای اوز کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے 25 اکٹوبر سے منعقد شدنی انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات طلبہ کو لازمی طور پر تحریر کرنا ہے ۔ اس مسئلہ پر طلبہ کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے ۔ کسی وجہ سے امتحانات تحریر نہ کرنے والے طلبہ کو انٹر میڈیٹ سکنڈ ایر کے سالانہ امتحانات تحریر کرنے کے دوران انٹر فرسٹ ایر کے امتحانات بھی تحریر کرنا ہوگا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ فرسٹ ایر کے امتحانات تحریر نہ کرنے والے طلبہ کو ناکام ( فیل ) تصور کیا جائے گا ۔ کورونا بحران کے پیش نظر حکومت نے گذشتہ سال انٹر میڈیٹ فرسٹ ایر کے امتحانات کو منسوخ کرتے ہوئے طلبہ کو سکنڈ ایر میں پروموٹ کیا تھا ۔ ایسے طلبہ اب سکنڈ ایر میں زیر تعلیم ہیں جن کے لیے 25 اکٹوبر سے فرسٹ ایر کے امتحانات منعقد کرنے کا بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے شیڈول جاری کردیا ہے ۔ عہدیداروں نے دوسرے معاملات میں کوئی وضاحت نہیں کی ۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ان امتحانات کے لیے طلبہ کو دوبارہ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ساتھ ہی 70 فیصد نصاب پر ہی امتحانات کا انعقاد ہوگا ۔ اس کے لیے سوالنامے بھی تیار کرلیے گئے ہیں ۔ جس کو ماضی میں شائع کیا گیا تھا ۔ امتحانات ملتوی ہونے پر اس کو محفوظ رکھا گیا ہے ۔ اب یہی سوالناموں کو استعمال کیا جائے گا ۔ اس مرتبہ پسندیدہ ( چوائس ) سوالات کی تعداد کو دو گنا کردیا گیا ہے ۔ ان سوالات سے متعلق امتحان کے ماڈل پیپرس کو انٹر بورڈ کے ویب سائیٹ پر رکھا گیا ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیداروں نے انٹر میڈیٹ فرسٹ ایر امتحانات کے انعقاد کے لیے بہت جلد ڈی ای اوز کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط کے تحت امتحانات کا انعقاد ہوگا ۔۔ ن