آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے انٹر میڈیٹ امتحانات مارچ 2020کے انتظامات کے سلسلہ میں آج تمام ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے ویڈیو کانفرنس کی۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی چترا رامچندرن ( آئی اے ایس ) اور کمشنر بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ انٹر میڈیٹ کے تھیوری امتحانات کا 4 مئی سے آغاز ہوگا اور اوقات 8:45 بجے تا 12 بجے دوپہر ہوں گے۔ وزیر تعلیم نے انٹر میڈیٹ امتحانات کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیر تعلیم نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ مختلف محکمہ جات جیسے پولیس، پوسٹل، تعلیم، ریونیو، آر ٹی سی، صحت اور برقی سے بہتر تال میل کے ذریعہ خامیوں سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر عمل آوری کریں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے طلبہ کی سہولت کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسیں چلانے کی ہدایت دی۔ اسپیشل چیف سکریٹری چترا رامچندرن نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ 20 فبروری تک انتظامات کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں۔ امتحانات کے دوران کلکٹرس کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ پرچہ سوالات کی حفاظت اور امتحان کے بعد پرچہ جات کی بحفاظت منتقلی میں تعاون کرے۔ چترارامچندرن نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کو فراہم کی جارہی بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا جائے۔ ضلع کلکٹرس سے خواہش کی گئی کہ وہ حال ہی میں مقرر کردہ اسٹوڈنٹ کونسلرس کی خدمات حاصل کریں تاکہ طلبہ میں امتحان کے وقت اعتماد کی بحالی اور کسی بھی خوف کے ماحول سے نکالا جاسکے۔ وزیر تعلیم نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کسی بھی اُلجھن و پریشانی کے بغیر امتحان لکھیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے تمام بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کا نظم کیا ہے۔ جاریہ سال 9 لاکھ 65 ہزار 840 طلبہ امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔ تھیوری امتحان کے مراکز کی تعداد 1339 ہے جبکہ 50 فلائنگ اسکواڈز ، 200 سٹنگ اسکواڈز اور 24750 انویجلیٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ ہر ضلع کیلئے ضلع کلکٹر کی صدارت میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی اور ضلع اگزامنیشن کمیٹی رہے گی۔ امتحان کے دوران معائنہ کیلئے آبزرورس کا تقرر کیا جارہا ہے۔ طلبہ کنٹرول روم سے مزید معلومات کیلئے ربط قائم کرسکتے ہیں جس کے نمبرات040-24601010/24732369 ہیں۔ وزیر تعلیم نے امتحان کے دوران بلاوقفہ برقی کی سربراہی کی ہدایت دی۔ امتحانی پرچہ جات متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منتقل کئے جائیں گے۔