کنٹراکٹ لیکچررس کی ریٹائرمنٹ عمر بڑھانے کا فیصلہ منسوخ۔ تبادلوں کی فہرست پیش کرنے کا حکم
حیدرآباد۔/13اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انٹر میڈیٹ بورڈ کے سکریٹری نوین متل کی جانب کئے گئے فیصلوں کو حکومت سے منظوری نہیں ملی۔ انٹر میڈیٹ امتحانات کے جوابی پرچوں کی جانچ آن لائن سسٹم کے ذریعہ کرانے کی انہوں نے پہل کی تھی۔ تاہم حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی۔ ساتھ ہی انہوں نے تازہ طور پر گورنمنٹ جونیر کالجس میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ لیکچررس کی ریٹائرمنٹ عمر کو 61 سال سے گھٹا کر 58 سال کرنے احکامات جاری کردیئے جو موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں ریٹائرمنٹ کی عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کرنے کے 31جنوری کو احکامات جاری کئے گئے تھے۔ پھر ایک بار اپنے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کی عمر 58 سال تک گھٹاتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ دراصل جب سید عمر جلیل انٹر محکمہ تعلیم کے سکریٹری تھے تب انہوں نے یہ تجویز حکومت کو روانہ کی تھی، وہ فائیل ابھی چیف منسٹر کے آفس میں زیر التواء ہے۔ باوجود اس کے نوین متل ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے تھے جس پر حکومت نے 6 اپریل کو اس فیصلہ کے تعلق سے وضاحت طلب کی تھی جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ عمر کو گھٹانے کے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ابھی تک کنٹراکٹ لیکچررس کے تبادلوں کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ تاہم کمشنر نوین متل نے باہمی رضامندی، بیمار، جوڑے سے متعلق تقریباً 530 لیکچررس کے تبادلے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے جس پر حکومت کو شکایتیں وصول ہوئیں، حکومت کے علم میں آیا کہ نہ صرف ان تبادلوں میں قواعد کی خلاف ورزی ہوئی ۔ دیگر بیماریوں میں مبتلاء لیکچررس کو بھی طبی بنیادوں پر تبادلے کردیئے گئے۔ اب تک صرف سرکاری ملازمین کو ہی میاں بیوی ( جوڑے ) کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے اس کے برعکس لیکچرر کی بیوی یا شوہر خانگی ملازمت میں ہونے کے باوجود تبادلے کرنے کے الزامات ہیں۔ اس تناظر میں حکومت نے تبادلے ہونے والے لیکچررس کی فہرست طلب کرلی ہے اور ساتھ ہی کس لیکچرر کا تبادلہ کس بنیاد پر ہوا ہے اس کی تفصیلات روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ن