انٹر میڈیٹ سال اول و دوم کے آج نتائج

,

   

ویڈیو لنک کے ذریعہ اجرائی کے بعد وزیر تعلیم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 17 جون(سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی جمعرات 18جون 3بجے دن اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے نتائج جاری کریں گی۔ ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن سے قبل منعقد ہوئے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی اجرائی کے دوران ریاستی وزیر تعلیم کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال کے آغاز اور داخلوں کے متعلق اہم اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ذرائع نے بتایاکہ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی ویڈیو لنک کے ذریعہ نتائج کی اجرائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی ۔ ریاست میں انٹرمیڈیٹ امتحانات تحریر کرنے والے لاکھوں امیدوارجو نتائج کا انتظار کر رہے تھے انہیں حکومت کی جانب سے قطعی تاریخ کے اعلان کے بعد راحت حاصل ہوئی ہے۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی دیگر اہلیتی امتحانات کی تواریخ کا اعلان متوقع ہے۔ امیدوار 3بجے نتائج کی اجرائی کے بعد اپنے نتائج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں ۔انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 9لاکھ 65ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کروایا تھا جس میں 95.72فیصد طلبہ نے امتحانات تحریر کئے ۔ریاست میں 1339 امتحانی مراکز پر انٹرمیڈیٹ طلبہ کے امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔