طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اہم مقصد ، ناموں کے اندراج کا آج سے آغاز
حیدرآباد۔ 22۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تعلیم ہی حقیقت میں انسان کو انسان بناتی ہے اور علم و عمل میں جو قوم آگے رہتی ہے وہی دنیا کی قیادت کرتی ہے ۔ تعلیم ہی کسی قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ میں انٹر سال اول اور انٹر سال دوم کے نتائج پر تبصرہ میں کیا جس میں حسب روایت لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت بنائے رکھی ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم میں کامیاب طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کی اور اعلان کیا کہ بی پی سی ، ایم پی سی ، سی ای سی ، ایم ای سی ، ایچ ای سی و دیگر کے ساتھ انٹر ووکیشنل کورسیس میں زیادہ سے زیادہ نمبرات پانے والے طلباء وطالبات کو 5000 ، 3000 ، 2000 اور 1000 روپئے نقد انعامات دئیے جائیں گے ۔ عامر صاحب نے کہا کہ بحیثیت صحافی اور بحیثیت ایم ایل سی انہوں نے نونہالان ملت کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے کیوں کہ معاشی ترقی کا راست تعلق تعلیمی ترقی سے ہے ۔ جناب عامر علی خاں کے مطابق انٹر میڈیٹ سال دوم کے ایم پی سی ، بی پی سی ، ایم ای سی ، سی ای سی اور ایچ ای سی و دیگر گروپس کے ساتھ ساتھ انٹر میڈیٹ ووکیشنل کورسیس کے ٹاپر کو فی کس 5000 روپئے ، دوسرے مقام حاصل کرنے والے کو 3000 روپئے ، تیسرا مقام حاصل کرنے والے طالبہ یا طالب علم کو 2000 روپئے اور چوتھے سے دسواں مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو 1000 روپئے نقد انعام ان کی جانب سے دئیے جائیں گے ۔ رکن کونسل جناب عامر علی خاں نے کہا کہ ہمارے بچے ، بچیوں کی کامیابی میں جہاں والدین کا اہم کردار ہوتا ہے وہیں اساتذہ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ اساتذہ طلباء وطالبات کی زندگیوں کو سجانے سنوارنے اور ان کے مستقبل کو روشن بنانے میں غیر معمولی اور ناقابل فراموش رول ادا کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ 90 فیصد سے زائد نمبرات پانے والے طلباء وطالبات دفتر روزنامہ سیاست میں سیاست ہب سے ربط کر کے اپنے نام درج کروائیں ۔ ساتھ ہی اس رپورٹ کے ذریعہ دئیے جارہے کیو آر کوڈ کے ذریعہ بھی اپنے ناموں کا اندراج کرواسکتے ہیں ۔۔