حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پیرا میڈیکل بورڈ نے تعلیمی سال 2021-22 کے دو سالہ پیرا میڈیکل ڈپلومہ کورسیس میں داخلہ کیلئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ ایسے امیدوار جنہوں نے انٹر میڈیٹ امتحان بی پی سی گروپ سے کامیاب کیا ہے وہ درخواستیں دے سکتے ہیں۔ اگر بی پی سی گروپ کے امیدوار دستیاب نہ ہوں تو ایم پی سی گروپ اور پھر دیگر گروپس کے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 3 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ کونسلنگ کا عمل اور امیدواروں کا انتخاب 18 ڈسمبر کو مکمل کرلیا جائے گا۔ منتخب امیدواروں کی فہرست 29 ڈسمبر کو پیرا میڈیکل بورڈ کو پیش کی جائے گی جبکہ کلاسیس کا یکم جنوری سے آغاز ہوگا۔ پیرا میڈیکل بورڈ کے نوٹیفکیشن کے مطابق داخلوں میں رول آف ریزرویشن پر سختی سے عمل ہوگا۔ ایس سی کیلئے 15 فیصد، ایس ٹی 6 فیصد اور بی سی طبقات کیلئے 25 فیصد تحفظات رہیں گے۔ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے 10 فیصد تحفظات پر عمل کیا جائے گا۔طلبہ کیلئے ٹیوشن فیس ماہانہ 500 روپئے رہے گی جبکہ دیگر اسپیشل فیس جی او ایم ایس 281 کے تحت قابل ادائیگی رہے گی۔ پیرا میڈیکل کورسیس میں ذریعہ تعلیم صرف انگریزی رہے گا۔ دوسالہ کورس کی تکمیل کے بعد امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ متعلقہ گورنمنٹ پیرا میڈیکل اداروں کے پرنسپالس سے درخواست کی گئی ہے کہ داخلہ کا نوٹیفکیشن نوٹس بورڈ پر چسپاں کریں۔ تمام امیدواروں کیلئے 75 فیصد حاضری لازمی رہے گی اور کم حاضری پر امتحانات میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ امیدواروں سے درخواستوں کے ادخال پر 100 روپئے وصول کئے جائیں گے۔ خواہشمند امیدوار پیرا میڈیکل بورڈ کی ویب سائیٹ www.tspmd.telangana.gov.in سے درخواست فارم اور دیگر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ر