انٹر میڈیٹ فرسٹ ایر امتحانات میں ڈاؤن لوڈ کردہ ہال ٹکٹس قابل قبول

   

کالجس میں طلبہ کے ساتھ ہراسانی پر حکومت کا اقدام ، طلبہ کو پریشان نہ ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔22اکٹوبر(سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے سلسلہ میں کالجس کی جانب سے ہال ٹکٹس کی عدم اجرائی اور فیس کی ادائیگی پر ہی ہال ٹکٹس کی جاری کرنے کی ضد کا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے ازالہ کردیا ہے اور 25اکٹوبر سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے آن لائن ڈاؤن لوڈ کئے جانے والے ہال ٹکٹس کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی لئے اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کے علاوہ طلبہ کو خوفزدہ ہونے کے بجائے آن لائن ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے امتحان میں شرکت کرنی چاہئے ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع کے کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے ہال ٹکٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں طلبہ میں پیدا کئے جانے والے خوف کے سبب موصول ہونے والی شکایات اور سوشل میڈیا پر کالجس کے ناموں کے ساتھ کی جانے والی پوسٹس کے بعدبورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ کسی بھی کالج انتظامیہ کی جانب سے ہال ٹکٹس کی عدم اجرائی کی صورت میں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آن لائن ہال ٹکٹس ڈاؤن لوٹ کرلیں اور اس ہال ٹکٹ پر داخلہ کو روکا نہیں جائے گا اور نہ ہی انہیں پرنسپل کی دستخط والے ہال ٹکٹس کے لئے مجبور کیا جائے گا۔کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے فیس کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر ہال ٹکٹس کی اجرائی میں پیدا کی جانے والی رکاوٹ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے طلبہ کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کے ساتھ انہیں راحت پہنچائی جاچکی ہے ۔ذرائع کے مطابق کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے حکومت کے اس فیصلہ پر ناراضگی کا اظہا رکیا جا رہاہے او رکہا جارہا ہے کہ حکومت فیس کی وصولی کے امر میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ۔ جبکہ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ حکومت کے احکامات سے کئی گنا زیادہ فیس کا مطالبہ کیا جا رہاہے ۔م