حیدرآباد۔/10نومبر، ( سیاست نیوز) سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ فرسٹ ایر امتحانات کے پرچوں کی جانچ کا 6 نومبر سے آغاز ہوچکا ہے۔ سرکاری اور خانگی کالجس کے جونیر لیکچررس جنہیں پرچوں کی جانچ کا تجربہ ہے ان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پرچوں کی جانچ کے کام میں مصروف جونیر لیکچررس کے کالجس کو کلاسیس کے اوقات میں تبدیلی اور جونیر لیکچررس کو ریلیو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض جونیر لیکچررس نے ابھی تک اسپاٹ ویلویشن ڈیوٹی پر رپورٹ نہیں کی ہے۔ ایسے تمام جونیر لیکچررس جنہوں نے ابھی تک رپورٹ نہیں کی اور ایسے کالجس انتظامیہ جنہوں نے جونیر لیکچررس کو خدمات انجام دینے کیلئے ریلیو نہیں کیا ہے انہیں انتباہ دیا جاتا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ایسے لیکچررس اور کالجس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی میں پس و پیش نہیں کرے گا۔ ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے جونیر لیکچررس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر وہ جمعرات کی صبح تک رپورٹ نہ کریں تو ان کے خلاف ضروری تادیبی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ر