دوردرشن پر سیکنڈ ایئر طلبہ کیلئے آن لائن کلاسیس، سکریٹری سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد۔تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے انٹر میڈیٹ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کیلئے ہر پانچ سال کی طرح نصاب پر نظرثانی کی ہے۔ ہیومانٹیز ٹکسٹ بکس برائے سیکنڈ ایئر میں کامرس، اکنامکس، پولٹیکل سائنس ( سیوکس ) ، ہسٹری، جیوگرافی اور پبلک اڈمنسٹریشن کے نصاب میں سابق میں 2015-16 میں نظر ثانی کی گئی تھی ان نصابی کتب کی پانچ سالہ مدت ختم ہوچکی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے مضامین کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی، پروفیسرس اور ڈگری و جونیر کالجس کے لکچررس سے مشاورت کے ذریعہ ان مضامین کے نصاب پر نظرثانی کی ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل ( آئی اے ایس)نے نئے نصابی کتب کو جاری کیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر تلگواکیڈیمی اے ست نارائن ریڈی موجود تھے۔ ناکام امیدواروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ان مضامین کے امتحانات میں پرانے نصاب کے مطابق مارچ 2021 کے عام امتحانات اور مئی ؍ جون 2021 کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر طلبہ کیلئے دوردرشن یادگیری چینل پر آن لائن کلاسیس کا یکم ستمبر سے آغاز ہوچکا ہے جو 12 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ صبح اور دوپہر کے سیشن کیلئے ایک ہفتہ پر مشتمل ٹائم ٹیبل جاری کردیا گیا ہے۔ مارننگ سیشن صبح 8 تا10:30 بجے اور دوپہر کا سیشن سہ پہر 3 بجے تا 6 بجے شام رہے گا۔ ہر سیشن میں 5 کلاسیس ہوں گی جو 30 منٹ پر مشتمل رہیں گی۔ سید عمر جلیل نے طلبہ سے آن لائن کلاسیس سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔
سیاست ٹی وی پر نیٹ امتحان کی
ایم اے حمید کی معلومات ٹیلی کاسٹ
حیدرآباد : سیاست ٹی وی کے کریئر گائیڈنس پروگرام میں ماہر تعلیم ایم اے حمید ’’ نیٹ ‘‘ میڈیکل انٹرنس جو 13ستمبر کو مقرر ہے اس کی مکمل معلومات پیش کئے ہیں ۔ اینکر محمد منیر نے نیٹ کے انعقاد اور قومی سطح کے اپوزیشن احتجاج کے تناظر میں اہم نکات کو سوالات کے ذریعہ شامل کیا ۔پروگرام سیاست ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر بھی ملاحظہ کرسکتے ہیں ۔ طلبہ اور سرپرست استفادہ کریں۔