انٹر نتائج میں دھاندلیوں پر چیف منسٹر مداخلت کریں

   

Ferty9 Clinic

اعلیٰ سطحی تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف کارروائی، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 23۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں سے متعلق شکایات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی اجرائی کے بعد طلبہ اور اولیائے طلبہ میں جو تشویش و بے چینی دیکھی جارہی ہے ، اس کے ازالہ کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کو فوری مداخلت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں پر انحصار کئے بغیر چیف منسٹر کو مداخلت کرتے ہوئے اس مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔ جگا ریڈی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ عہدیداروں کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ حالانکہ ان کی لاپرواہی کے نتیجہ میں ہزاروں طلبہ کا تعلیمی مستقبل خطرہ میں پڑچکا ہے۔ جگا ریڈی نے خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فی خاندان 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔