انٹر نتائج پر صدر جمہوریہ سے مداخلت کی اپیل

   

بی جے پی کی یادداشت ۔ ریاستی حکومت پر لا پرواہی کا الزام
حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں پر لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ پارٹکی نے اس مسئلہ میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے ایک وفد نے دہلی میں اس سلسلہ میں ایک یادداشت صدر جمہوریہ کو پیش کی ۔ وفد میں ریاستی یونٹ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن ‘ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی ‘ بیح جے پی جنرل سکریٹری مرلیدھر راو اور دوسرے شامل تھے ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ سیول سوسائیٹی کیلئے سب سے فکرمندی کی بات یہ ہے کہ ریاستی حکومت ان نتائج کے تعلق سے اور معصوم طلبا کی زندگیوں کے اتلاف پر بھی انتہائی لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کا واقعہ شائد ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے ۔ بی جے پی نے واضح کیا کہ ریاست میں جملہ 3,28,400 طلبا امتحان میں ناکام ہوگئے تھے ۔ نتائج پر طلبا اور اولیائے طلبا میں مایوسی پیدا ہوگئی تھی ۔ اسی وقت امتحانی نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ ریاستی حکومت سے اس سلسلہ میں بارہا نمائندگیاں کی گئیں ۔ طلبا نے خود کشی بھی کی ہے لیکن حکومت اس مسئلہ پر مسلسل لاپرواہی والا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔