کونسل برائے اعلی تعلیم کی جانب سے عہدیداروں کے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ اور ڈگری کے علاوہ دیگر جماعتوں کیلئے باضابطہ کلاسس کے انعقاد پر جاریہ ہفتہ فیصلہ کیا جائیگا۔ تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے اشارے دیئے گئے کہ جاریہ ہفتہ انٹر و ڈگری کے علاوہ پوسٹ گریجویشن کالجس میں باضابطہ تعلیم کے آغاز کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ سال گذشتہ مارچ سے کورونا اور لاک ڈاؤن سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسکے سبب تمام تعلیمی ادارہ جات بند ہیں اور دوبارہ تعلیم کے آغاز کیلئے اقدامات کے ساتھ کورونا سے محفوظ رہنے اور سماجی فاصلہ کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن طلبہ کو حاضری سے مستثنیٰ رکھنے کے فیصلہ سے باضابطہ کلاسس کے آغاز کو قطعیت نہیں دی جاسکی ۔ ذرائع کے مطابق کونسل برائے اعلیٰ تعلیم سے جاریہ ہفتہ محکمہ جاتی و دیگر متعلقہ اور محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے کالجس کے احیاء اور کشادگی کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں کا کہناہے کہ کونسل کی جانب سے کالجس کی کشادگی اور باضابطہ کلاسس کے اعلان کے باوجود طلبہ کو حاضری سے استثنیٰ لازمی ہوگا کیونکہ مرکز کے رہنما خطوط میں اسکولوں اور کالجس کی کشادگی کی صورت میں طلبہ پر حاضری کیلئے دباؤ نہ ڈالنے اور لازمی نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں اسی لئے تعلیمی سال کے آخری ایام میں اس طرح کے فیصلہ سے ان خطوط کا بھی خیال رکھنا ہوگا اسی لئے تمام امور کا جائزہ لینے اجلاس طلب کیا جائیگا کہا جا رہاہے کہ ان کو مدعو کرنے کی بنیادی وجہ ان سے تلنگانہ میں کورونا کی دوسری متوقع لہر کے سلسلہ میں تفصیلی معلومات کا حصول ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے بعد ہی ریاست میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔
