6 طلبہ کی خودکشی پر تشویش ، تلنگانہ حکومت کے تعاون سے سیول سرویسیس میں 7 امیدواروں کے انتخاب پر بھی مبارکباد
حیدرآباد۔23 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے ایم ایل سی جناب عامر علی خان نے انٹرمیڈیٹ میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ناکام ہونے پر 6 طلبہ کی خودکشی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مارکس، رینکس، ایگزامس زندگی کا آخری حصہ نہیں ہے۔ ایک بار ناکام ہونے پر دوبارہ امتحان لکھتے ہوئے کامیاب ہوسکتے ہیں، مگر ایک بار زندگی ختم ہوجانے پر دوبارہ زندگی نہیں مل سکتی، لہذا وہ طلباء و طالبات سے اپیل کرتے ہیں کہ چھوٹے چھوٹے مسائل پر دلبرداشتہ ہوکر انتہائی قدم نہ اُٹھائیں بلکہ ناکامی سے سبق لیتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کریں، تبھی کامیابی قدم چومتی ہے۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ ناکامی سے زندگی ختم نہیں ہوتی بلکہ مزید محنت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ہر انسان کی زندگی میں نشیب و فراز آتے ہیں، اگر کسی کام میں کوئی ناکام ہوجائے تو یوں اپنی قیمتی زندگی کو ختم کرلینا کسی بھی اعتبار سے دانشمندی نہیں ہوسکتی بلکہ طلباء و طالبات کو چاہئے کہ وہ نئے حوصلے اور لگن سے دوبارہ محنت کریں اور اپنے آپ کو کامیاب ثابت کرکے بتائیں۔ والدین اور سرپرستوں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس نازک موقع پر طلبہ کو دباؤ اور ڈپریشن سے بچائیں ، اور ان کے مسئلہ کو گہرائی سے سمجھنے اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔ طلبہ کو بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ان کے والدین ان کی بہتر زندگی کیلئے جو خواب سجائے ہیں، ان کو پورا کرنے کیلئے آہنی عزائم پیدا کریں اور بہتر حکمت عملی تیار کریں۔ دنیا میں کوئی بھی کام ناممکن نہیں، محنت اور صحیح طریقے سے مسلسل کوشش انسان کو کامیاب کرتی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے کہا کہ ناکامی کو بھلاکر طلباء و طالبات سپلیمنٹری امتحانات کی تیاری کریں اور اب کی بار گزشتہ کی غلطیوں کا کسی صورت ارتکاب نہ ہونے دیں۔ جناب عامر علی خان نے سیول سرویس کیلئے تلنگانہ سے منتخب ہونے والے 7 امیدواروں کو بھی دِلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے سیول سرویس انٹرویو کیلئے منتخب ہونے والے 20 امیدواروں کو ’’راجیو گاندھی سیولس ابھئے ہستم اسکیم ‘‘کے نام سے فی کس ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کی۔ پہلے سال میں ہی اس اسکیم کے تحت 7 امیدوار سیول سرویسیس کیلئے منتخب ہوئے ۔ 2