واشنگٹن ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہیکہ وہ ضروری نہیں کہ ہمیشہ اپنے انٹلیجنس سربراہوں کی اخذ کردہ باتوں سے اتفاق کرے اور ماضی میں انٹلیجنس کی ناکامیوں کی نشاندہی کی جو ایران اور شمالی کوریا کی جانب سے سامنے آنے والے خطرات کا ٹھیک ٹھیک اندازہ کرنے میں ان کی ناکامی کے سبب سے ہے۔ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتہ اپنے انٹلیجنس سربراہوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ ان کے ڈائرکٹر نیشنل انٹلیجنس اور سی آئی اے اور ایف بی آئی اے کے سربراہوں نے عالمی خطرات کے بارے میں کانگریس کے روبرو حلفیہ بیان دیا تھا اور ایران، نارتھ کوریا اور آئی ایس آئی ایس کے تعلق سے امریکی صدر کے تاثرات کی تکذیب کی تھی۔ گذشتہ ہفتہ کانگریس میں منعقدہ سماعت کے دوران اعلیٰ امریکی جاسوس عہدیداروں نے قانون سازوں کو بتایا تھا کہ ایران 2015ء کی نیوکلیئر معاملت کی تعمیل کررہا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ قومی سلامتی کے مشیروں نے عراق کے بارے میں غلط باور کرایا۔