انٹیلیا معاملہ: ممبئی کے پولیس اہلکار پردیپ شرما کو ضمانت

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے سنسی خیز منسکھ ہیرن قتل معاملے میں گرفتار سبکدوش ہائی پروفائل ممبئی پولیس اہلکار اور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ مانے جانے والے پردیپ شرما کی ضمانت کی عرضی بدھ کو قبول کر لی۔جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس پی ایس نر سنگھ کی بنچ نے عرضی گزار شرما کو ضمانت دینے کی ہدایت دی۔عدالت نے قبل ازیں انہیں اپنی بیمار بیوی اور بوڑھی ماں کی دیکھ بھال کے لیے عبوری ضمانت دی تھی۔ شرما کو 17 جون 2021 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بامبے ہائی کورٹ نے 23 جنوری 2023 کو شرما کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر کے چیلنج کیا تھا۔ یہ مقدمہ ممتاز صنعت کار مکیش امبانی کے خاندان کو جیلیٹن سے لدی اور مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیوں سے متعلق ہے ۔ 25 فروری 2021 کو اینٹیلیا کی مشہور عمارت کے قریب ایک گاڑی (ایس یو وی) لاوارث پائی گئی۔ کچھ دن بعد 5 مارچ کو گاڑی کا مالک ہیرن تھانے کریک میں مردہ پایا گیا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کا الزام ہے کہ ہیرن کو پوری سازش کا علم تھا۔ ملزم شرما کے علاوہ ایک اور پولس اہلکار سچن وازے کو خدشہ تھا کہ وہ اس سازش سے جڑے راز کو کھول دے گا۔ چنانچہ انہوں نے اسے قتل کرنے کی سازش کی۔