تیزی سے جاری کاموںکی ستائش ‘ااپوزیشن پر ایم ایل اے کا اظہاربرہمی
شادنگر 7 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے سخت لہجے میں کہا کہ کام تیزی سے جاری ہونے کے باوجود بعض لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ابھی تک کام شروع ہی نہیں ہوا، گویا آنکھیں ہوتے ہوئے بھی نہ دیکھ سکنے والے اندھوں کی طرح باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے چہارشنبہ کے روز کندورگ منڈل مرکز میں انٹیگریٹڈ اسکول کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کام تیزی سے جاری ہیں اور وزیر اعلیٰ کے دورے کے فوراً بعد ہی کام شروع کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر دیکھے، بغیر معلومات حاصل کیے، قانون ساز کونسل کے ایوان میں بعض افراد کی جانب سے جھوٹے بیانات دینا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ آئندہ کسی بھی موضوع پر بات کرنے سے پہلے اپوزیشن کو ایک بار حقیقت جان لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے اسمبلی ہو یا قانون ساز کونسل، عوامی مسائل کو حکومت کی توجہ میں لا کر کام کروانا مقصود ہونا چاہیے، نہ کہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ انٹیگریٹڈ اسکول تلنگانہ ریاست کے لیے تعلیمی شناخت بننے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے لیے ایک مثالی ادارہ ثابت ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی اسکول کے کام مکمل ہو جائیں گے اور تمام طبقات کے عوام کے لیے یہ اسکول دستیاب ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن کے طور پر حکومت کو درست تجاویز اور مشورے دیے جائیں، نہ کہ سیاسی فائدے اور ذاتی مفادات کے لیے بے جا تنقید کی جائے۔
۔۔
