انڈرپاس برج بند ہونے سے عوام کو سخت مشکلات

   

بوئے پلی گیٹ کے مسئلہ کو ارباب مجاز سے فوری حل کرنے سیدمظہرالدین کا مطالبہ
محبوب نگر۔21جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بوئے پلی ریلوے گیٹ ‘انڈر پاس برج کو بند کرنے سے عوام کو سخت تکالیف کاسامنا ہے ۔ مقامی ایم پی‘ ایم ایل اے اورارباب مجاز کی فوری توجہ ضروری ہے ۔ یہ مطالبہ نامور سماجی کارکن سیدمظہرالدین نے کیا۔ انہوں نے سیاست نیوزکو بتایا کہ حکومت اپنے اقتدارکو عوامی اقتدارسے تعبیر کرتی ہے ۔لیکن عوامی اقتدار میں عوامی مشکلات کاسامنااس نعرہ کوپھیکا کررہا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ محبوب نگر ٹائون کا گنجان کثیرآبادی والا علاقہ موتی نگر کے علاوہ بوئے پلی‘ نواب پیٹ اور اطراف کے مواضعات سے ہزاروں افراد بوئے پلی ریلوے گیٹ اور انڈرپاس برج سے ہی شہرمحبوب نگرجاتے ہیں۔ لیکن حالیہ عرصہ میں انڈر پاس برج کو بند کرنے سے عوام کی ایک بڑی تعداد سخت اذیت میں مبتلا ہوچکی ہے ۔ ریلوے گیٹ سے روزانہ تقریباً75ٹرینیں گزرتی ہیںجس سے وقفہ وقفہ سے ریلوے گیٹ بند ہوجاتا ہے ۔ عوام اس وقفہ میںبالخصوص آٹو اور ٹو وہیلرس انڈر پاس سے گزرتے ہیں۔ اب انڈرپاس بند ہونے سے ریلوے گیٹ پر دونوں طرف ایک ایک کلو میٹر طویل سواریاں قطاروں میںٹہرنے پرمجبور ہیں۔ نصف گھنٹہ سے زائد عوام کو گیٹ پرٹہرناروز کاکئی مرتبہ معمول بن گیا ہے ۔سیدمظہرالدین نے بتایا کہ مقامی عوام نے رکن پارلیمنٹ ‘ر کن اسمبلی سے اس سلگتے ہوئے مسئلہ پرمتعددمرتبہ نمائندگی کی لیکن نتیجہ صفر رہا ۔ عام افرادکے علاوہ جاں بہ لب مریض کی ایمبولینس ‘ اسکولس کی بسیںبھی کافی دیرتک ٹریفک میںپھنس رہی ہیں۔ملازمین‘مزدور طبقہ جن کو وقت پر اپنے مقام پرپہنچناہوتا ہے بڑی ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے پرزورمطالبہ کیاکہ فوری ریلوے اوور برج تعمیرکیاجائے ۔ فی الفور انڈر پاس پر آمد ورفت بحال کیاجائے ۔ ٹریفک پرقابوپانے کیلئے ٹریفک کانسٹبلس کو متعین کیاجائے ۔ اگران مطالبات پرعمل نہ کیاگیاتو وہ وقت دورنہیںجب عوام زبردست احتجاج پراتر آئیںگے ۔