انڈر گریجویٹ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کیلئے گورنر سے اپیل

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کیلئے مداخلت کی اپیل کی۔ کانگریس قائدین ایم ششی دھر ریڈی صدرنشین کورونا ٹاسک فورس، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو اور کنوینر ٹاسک فورس جی نرنجن نے گورنر کو مکتوب میں کہا کہ آن لائن کلاسیس کے نتیجہ میں طلبہ کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ19- کی وباء نے سماج کے ہر طبقہ کو متاثر کیا ہے۔ تعلیم کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہے۔ ایسے وقت طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کی فکر کرنی چاہیئے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ گورنر کی جانب سے تمام یونیورسٹیز کے رجسٹرارس سے ویڈیو کانفرنس کے بعد یونیورسٹیز نے کالجس کو ہدایت دی کہ وہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیس کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ آن لائن اور ای لرننگ سسٹم کا استعمال کیا جائے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کئی طلبہ آن لائن کلاسیس میں حصہ لینے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ 6 لاکھ سے زائد طلبہ انڈر گریجویٹ کورسیس میں شریک ہیں ان میں اکثریت نے سماجی اور معاشی مسائل کے نتیجہ میں آن لائن کلاسیس میں حصہ نہیں لیا۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ طلبہ کو امتحانات میں شرکت کی اجازت کے سلسلہ میں یونیورسٹیز کو درکار حاضری کی شرط سے استثنیٰ دینے کی ہدایت دیں تاکہ تمام طلبہ کو ہال ٹکٹ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پرچہ جات میں 50 فیصد کے بجائے طلبہ کو 33.33 فیصد جوابات کی اجازت دی جائے اور اسی کے مطابق پرچہ سوالات تیار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورس میٹریل پہنچانے اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کے اقدامات کئے جائیں۔