انڈر 19 ایشیا کپ : فاتح پاکستانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ انعام کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

ایشیا کپ جیت لیا اب ورلڈ کپ جیتنا ہے، کپتان فرحان یوسف کا عزم‘ ٹیم وطن واپس
اسلام آباد۔22؍ڈسمبر ( ایجنسیز )پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان کو ہرانے والی پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے بڑے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ پاکستان ٹیم اور انتظامیہ کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 پاکستانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ کل ٹیم کی کامیابی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے انعام کا اعلان کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے خلاف فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے ملاقات میں ان کا حوصلہ بڑھایا اور کھیل کی تعریف کی۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے یقین دہانی کروائی کہ کھلاڑیوں کی تمام ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان نے ہندوستان کو 191 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان اور ہندوستان 2012 کے ایونٹ میں مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے ہندوستان کو جیت کیلئے 348 رنز کا بڑا نشانہ دیا تھا۔جواب میں ہندوستانی ٹیم محض156 پر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ جیت لیا اب زمبابوے میں 3 ملکی سیریز جیتنی ہے اور پھر ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحان یوسف نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ پاکستان ایشیا کپ جیتا، ٹاس ہار کر افسوس ہوا مگر پھر بیٹنگ کی دعوت ملی تو خوشی ہوئی کیونکہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھا لگ رہا تھا اور پھر جو پلان بنایا تھا، اسی پر عمل کیا۔فرحان یوسف نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 347 رنز بنائے تو اعتماد ہوا مگر بالرز سے کہا کہ ٹارگٹ 250 سمجھ کر جارحانہ بالنگ کرنی ہے اور بالرز نے یہی ذہن میں رکھ کر بولنگ کی اور وکٹیں لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور ہندوستانی شائقین کی موجودگی میں فائنل کھیلا جس سے لطف دوبالا ہوگیا۔