دبئی، 19 نومبر (آئی اے این ایس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی انڈر 19 مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے، جو 15 جنوری سے 6 فروری 2026 تک زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔ مجموعی طور پر 16 ٹیمیں 41 میچوں میں حصہ لیں گی، جبکہ فائنل 6 فروری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔افتتاحی دن ہندوستان امریکہ سے، زمبابوے اسکاٹ لینڈ سے، جبکہ تنزانیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے تاریخی ورلڈ کپ ڈیبیو پر میدان میں اترے گا۔ میچز پانچ مقامات پر کھیلے جائیں گے: ہرارے اسپورٹس کلب، تکاشنگا اسپورٹس کلب اور کوئنز اسپورٹس کلب (زمبابوے)، جبکہ نمیبیا میں نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ اور ایچ پی اوول میں مقابلے منعقد ہوں گے۔ٹورنمنٹ کا فارمیٹ چار گروپس پر مشتمل ہے، جن میں ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے بعد ٹیمیں سوپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی، پھر سیمی فائنلز اور آخر میں فائنل ہرارے میں کھیلا جائے گا۔دفاعی چمپئن آسٹریلیا اپنا پہلا میچ دوسرے دن ونڈہوک میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ اسی دوران ٹورنمنٹ کے ابتدائی بڑے مقابلوں میں سے ایک میں ہندوستان اور بنگلہ دیش 17 جنوری کو بولاویو میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ 10 ٹیموں نے 2024 میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر خودکار کوالیفکیشن حاصل کی۔
گل فٹ نہیں ، دوسرا ٹسٹ
کھیلنے کے خواہاں
گوہاٹی ،19 نومبر (پی ٹی آئی) ہندوستانی کپتان شبمن گل نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ کے ساتھ گوہاٹی کا سفرکیا ہے، لیکن ہفتہ کو یہاں میچ شروع ہونے سے قبل گردن کی چوٹ کے مکمل طور پر ٹھیک ہونے کا امکان نہیں ہے۔ تاہم یہ سمجھا جاتا ہے کہ کپتان جمعرات اور جمعہ کو تربیتی سیشن کے دوران اپنی فٹنس ثابت کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ٹیم شہر میں اترچکی ہے۔اگر ہندوستانی ٹیم کے ذرائع پر یقین کیا جائے تو 26 سالہ گِل صد فیصد فٹ ہونے سے بہت دور ہیں، ان کی گردن میں درد اب بھی برقرار ہے حالانکہ اس کی شدت میں کافی کمی آئی ہے۔