نئی دہلی۔18جون(سیاست ڈاٹ کام)بحرین میںایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) انڈر16 چمپئن شپ2020 کے لئے ہندوستان کوگروپ سی میں جنوبی کوریا ، آسٹریلیا اور ازبکستان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ اے ایف سی ہاؤس کوالالمپور میں چمپین شپ ڈرا کا اعلان کیا گیا۔2021 میں پیرو میں ہونے والے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ میں مقابلہ کے چار سیمی فائنلسٹ کی براہ راست رسائی ہوگی۔ہندوستان نے تاشقند میں گروپ بی چمپیئن کی حیثیت سے انڈر16 فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ اس گروپ میں ازبکستان (میزبان) ، بحرین اور ترکمانستان شامل تھے ۔ ہندوستان نے تین میچوں میں11 گول کیے تھے اور ایک گول کھاتے ہوئے مجموعی طور پر سات نشانات حاصل کئے تھے۔ ہندوستان نے تیسری بار اے
ایف سی انڈر16 فائنل میں اور نویں مرتبہ مجموعی طور پر کوالیفائی کیا ہے ۔ہندوستان کے ہیڈ کوچ بی بیانو فرنانڈس نے کہا کہ کھلاڑی اب مقابلے کے منتظر ہیں۔ کھلاڑیوں نے ازبکستان سے پہلے ازبکستان میں کوالیفائی کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس سخت امتحان کے لئے خودکو تیارکریں۔ انڈر16کھلاڑی سال 2018 کے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ میں کوالیفائنگ سے محض ایک قدم کے فاصلے پر تھے جب وہ کوارٹر فائنل میں صرف ایک گول سے کوریا سے ہارگئے ۔ ہندوستان2002 کے بعد دوسری بار کوارٹر فائنل میں داخل ہوا۔