انڈر19،پاکستان کیخلاف ہندوستان کا مصافحہ نہ کرنے کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

دبئی، 14 دسمبر (آئی اے این ایس) انڈر19 مینز ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گروپ مرحلے کے میچ کے دوران ہندوستانی ٹیم نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف ’’مصافحہ نہ کرنا‘‘ پالیسی پر عمل کیا۔ اتوارکو آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ کے مقابلے میں ہندوستانی کپتان آیوش مہاترے نے اپنے پاکستانی ہم منصب فرحان یوسف سے مصافحہ نہیں کیا۔ ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے روایتی خیرسگالی کا تبادلہ نہیں کیا۔ پاکستان کے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد دونوں کپتانوں نے صرف میڈیا سے گفتگو کی اور بغیر کسی رسمی رابطے کے اپنے اپنے ڈریسنگ رومزکی طرف روانہ ہوگئے۔یہ پالیسی حال ہی میں منعقدہ ایشیا کپ 2025 میں بھی ہندوستانی سینئر ٹیم نے اپنائی تھی، جہاں پاکستان کے خلاف تینوں میچوں میں مصافحے سے گریزکیا گیا تھا اور بعد ازاں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکارکیا گیا تھا۔ بعد میں ویمنز ونڈے ورلڈکپ میں بھی ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے اسی مؤقف کو برقرار رکھا۔ میچ میں بارش کے باعث دونوں ٹیموں کو 49 اوورز ملے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ خبر لکھے جانے تک ہندوستان 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا چکا تھا۔ افتتاحی میچ میں ہندوستان نے یو اے ای کو 234 رنز سے شکست دی تھی، جس میں ویبھو سوریہ ونشی نے شاندار 171 رنز اسکور کیے تھے۔ ایرن جارج اور ویہان ملہوترا نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم نے 433 رنز بناکر ایک تاریخ رقم کی۔