انڈومنٹ اراضیات پر ایٹالہ راجندر کا قبضہ، ہائی کورٹ میں سماعت

   

عہدیداروں کو معائنہ سے قبل نوٹس جاری کرنے کی ہدایت، جی او کی منسوخی سے انکار
حیدرآباد: سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی جانب سے دیورا یمجال میں انڈومنٹ اراضی پر قبضہ سے متعلق معاملہ کی آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ حکومت نے اراضی کا سروے کرنے کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق جی او 1014 منسوخ کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست پیش کی گئی ۔ عدالت نے جی او کی منسوخی سے انکار کیا اور درخواست گزار سے سوال کیا کہ انڈومنٹ اراضی کی شناخت کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کے دورہ پر اعتراض کیوں ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ قانون کے مطابق نوٹس کی اجرائی کے بعد سروے کیا جانا چاہئے جس پر عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ اراضی کے سروے یا معائنے سے قبل درخواست گزار کو نوٹس جاری کی جائے ۔ عہدیداروں کی کمیٹی پر درخواست گزار کے اعتراض پر عدالت نے کہا کہ انڈومنٹ اراضیات پر ناجائز قبضوں کو دیکھ کر کس طرح خاموش رہ سکتے ہیں۔ کمیٹی کا کام تحقیقات کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرنا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ دیورا یمجال کی اراضیات کی جانچ کرنا کمیٹی کا اختیار ہے ۔ عدالت نے کمیٹی کو پابند کیا کہ وہ اراضیات کے معائنہ سے قبل درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کریں۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ وہ کمیٹی کو درکار معلومات فراہم کریں۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے کمیٹی کو تعاون نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ حکومت کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کیلئے نوٹس جاری کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر ایٹالہ راجندر پر الزام ہے کہ انہوں نے دیورا یمجال میں انڈومنٹ اراضی پر قبضہ کیا ہے ۔ اس معاملہ کی جانچ کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کے علاوہ ریونیو عہدیدار کی جانب سے علحدہ جانچ شروع کی گئی ہے۔