انڈونیشیائی صدارتی الیکشن میں ایک بار پھر ویدودو کامیاب

   

جکارتہ ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے موجودہ صدر جوکو ویدودو کو گزشتہ ماہ ہوئے صدارتی انتخابات میں کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ جنرل الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے قطعی نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ویدودو کو 55.5 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ اْن کے حریف امیدوار پرابووا سوبیانتو کو 44.5 فیصد ووٹ ملے۔ سوبیانتو نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویدودو حکومت دھاندلی کی مرتکب ہوئی اور وہ نتائج کو دستوری عدالت میں چیلنج کریں گے۔ دوسری جانب انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے ادارے الیکشن سپروائزری ایجنسی نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران پرابووا سوبیانتو نے منظم اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کا جو الزام عائد کیا ہے، وہ بے بنیاد ہے۔