نیویارک ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی جانب سے کل سرمایہ کاری سے متعلق اعداد و شمار جاری کئے گئے جس کے مطابق ترقیافتہ ممالک نے بیرونی راست سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی جبکہ اسلامی معیشتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی سطح پر بیرونی راست سرمایہ کاری میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی۔ ترقیافتہ ممالک میں بیرونی راست سرمایہ کاری میں ایک تخمینہ کے مطابق 6 فیصد کمی ہوئی۔ یوروپین یونین میں 15 فیصد، برطانیہ میں 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اہم اسلامی مملکتوں انڈونیشیا اور سعودی عربیہ میں بیرونی راست سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ انڈونیشیا میں سرمایہ کاری میں 12 فیصد اضافہ ہوا جو ہول سیل اور ریٹیل مارکٹ میں دیکھا گیا۔ سعودی عربیہ میں تخمینہ کے مطابق بیرونی راست سرمایہ کاری میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے 2019ء کے ریکارڈ سال کا اعلان کیا۔ یو این ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (یو این سی ٹی اے ڈی) نے بتایا کہ شمالی افریقہ اور مصر بیرونی راست سرمایہ کاری کے حصول میں سرفہرست رہے۔ مصر میں بیرونی راست سرمایہ کاری آئیل اور گیس کے شعبوں میں کی گئی۔ دوسری طرف پاکستان اور بنگلہ دیش میں بالترتیب 20 فیصد اور 6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔