جکارتہ، 3 جون (آئی اے این ایس)۔ دو بار کی اولمپک میڈل یافتہ پی وی سندھو نے انڈونیشیا اوپن سوپر 1000 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی، جبکہ لکشیا سین سخت مقابلے کے بعد پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو ئے۔ سندھو نے جاپان کی حریف نوزومی اوکْوہارا کو ایک سنسنی خیز اور تھکا دینے والے ایک گھنٹہ 19 منٹ پر محیط ویمنز سنگلز میچ میں 22-20، 21-23، 21-15 سے شکست دی۔ یہ میچ غلطیوں، گیم پوائنٹس اور میچ پوائنٹس کی جنگ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پہلے گیم میں سندھو نے ایک گیم پوائنٹ بچاتے ہوئے جرات مندانہ شارٹس کے ذریعے 22-20 سے برتری حاصل کی۔ دوسرے گیم میں سندھو نے ابتدا میں معمولی سبقت لی، مگر وقفے تک وہ 7-11 سے پیچھے تھیں۔ انہوں نے واپسی کرتے ہوئے دو میچ پوائنٹس حاصل کیے، مگر لگاتار غلطیوں نے اوکْوہارا کو20-20 پر واپسی کا موقع دیا اور جاپانی کھلاڑی نے بالآخر دوسراگیم 23-21 سے جیت لیا۔ فیصلہ کن تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز اپنایا۔ سندھو نے وقفے تک 11-9 کی برتری حاصل کی اور پھر شاندار انداز میں یکے بعد دیگرے پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 20-12 کی برتری بنائی۔ انہوں نے پانچواں میچ پوائنٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی اور راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئیں۔ میچ کے بعد سندھو نے اوکْوہارا کے ساتھ اپنے 14 سالہ مقابلوں کو یاد کرتے ہوئے ایکس پر لکھا: 14 سال، 20 میچز۔ ورلڈ چمپئن شپ فائنلز میں سب سے طویل سے سب سے مختصر مقابلے ہمیشہ اس کے ساتھ۔ ہم نے فتوحات، شکستیں، اور ایک ایسا مقابلہ شیئر کیا ہے جسے صرف ہم سمجھ سکتے ہیں۔ ہمت نہ ہارنا، نوزومی۔