جکارتہ : انڈونیشیا کے سماترا جزیرے پر جمعرات کو آتش فشاں پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس سے بادلوں میں صرف دھواں ہی دھواں دکھائی دے رہا تھا۔ اس دوران کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انڈونیشیا کے آتش فشانی اور جیولوجیکل مرکز نے بتایا کہ شمالی سماترا کے پہاڑ سینا بنگ سے 1000 میڑ کی اونچائی تک دھواں اور راکھ ہوا میں اٹھتے ہوئے دکھائی دیئے جو 3 کلومیٹر رقبے میں آسمان میں پھیلا ہوا تھا۔ اس دوران زہریلی گیس کا بھی اخراج ہوا ہے جو آتش فشاں کے پھٹنے پر عام بات ہے۔مقامی باشندوں کو لاوا کے خطرے سے متنبہ کرتے ہوئے اس کے مرکز سے 5 کلومیٹر دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کیوں کہ آتش فشاں سے نکلنے والا لاوا اور زہریلی گیس وہاں تک پہنچ سکتی ہے جس سے ہزاروں افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔