جکارتہ۔25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں خوفناک بس حادثہ کے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 28 ہوگئی ہے جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی جبکہ بچائو ٹیم دریا میں مزید نعشوں کو تلاش کررہی ہے۔ جنوبی سماترا میں بس ایک 500 فٹ گہری کھائی میں جاگری تھی اور اس سے متصلہ دریا میں چلی گئی تھی۔ دریں اثناء مقامی پولیس سربراہ ڈولی گومارا نے کہا کہ منگل کی شب مزید ایک نعش ملی ہے اور اس طرح مہلوکین کی جملہ تعداد 28 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف بچائو کاری ٹیم نے بتایا کہ بس میں زندہ بچ جانے والے 13 افراد کو باہر نکالا گیا ہے اور مزید نعشوں کی تلاش جاری ہے کیوں کہ یہ اندیشہ بھی ہے کہ کچھ لوگ بس حادثہ کے بعد دریا میں بہہ گئے ہوں گے۔ 27 نعشوں کی شناخت مکمل ہوچکی ہے تاہم صرف ایک نعش کی شناخت باقی رہ گئی ہے جو کسی خاتون کی ہے۔