جکارتہ، 30 اگست (یو این آئی) انڈونیشیا میں احتجاج کرنے والوں کی جانب سے کونسل کی عمارت کو آگ لگادی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ۔ ایک مقامی عہدیدار نے ہفتے کو بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پورے ملک میں ایک شخص کی موت کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے جسے پولیس کی گاڑی نے ٹکر ماری تھی۔ جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت کے بڑے شہروں بشمول دارالحکومت جکارتہ میں احتجاج کیا گیا، یہ مظاہرے ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شروع ہوئے ، جس میں دیکھا گیا کہ موٹر سائیکل کو پولیس کی بکتر بند گاڑی نے کچل دیا، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب لوگ کم اجرتوں اور قانون سازوں کے لیے مالی مراعات کے خلاف احتجاج کر رہے تھے ۔ سولاویسی کے مشرقی جزیرے کے سب سے بڑے شہر ماکاسر میں احتجاج شدت اختیار کرگیا، جہاں صوبائی اور مقامی کونسل کی عمارتوں کے باہر ہنگامے پھوٹ پڑے ، مظاہرین نے دونوں عمارتوں کو آگ لگا دی اور پتھر اور پیٹرول بم پھینکے ۔