جکارتہ: انڈونیشیا میں جنوب مشرقی ایشیا کے تیز ترین ٹرین روٹ کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا گیا ہے۔ بْلٹ ٹرین کا یہ پروجیکٹ چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے‘ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔انڈونیشیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین دارالحکومت جکارتہ کو مغربی صوبے جاوا کے شہر بنڈونگ سے ملائے گی۔ اس ٹرین کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ اب تین گھنٹوں کی بجائے چالیس منٹ میں طے ہو گا۔ اس منصوبے کے لیے زیادہ تر فنڈز چین نے فراہم کیے ہیں اور اس کی لاگت تقریباً 7.3 بلین ڈالر رہی۔ اس ٹرین کا نام ‘وہوش‘ رکھا گیا ہے جبکہ یہ منصوبہ تاخیر سے پایہ تکمیل پہنچا ہے، جس کی وجہ سے اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔