جکارتہ ۔ 24 جنوری (ایجنسیز) انڈونیشیا کے صوبہ جاوا میں موسمی شدت کے باعث آنے والی شدید بارش اور زمین کھسکنے کے حادثہ نے انسانی جانوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک سات افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 82 افراد لاپتہ ہیں اور ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے، امدادی ٹیمیں بارش اور خراب زمینی حالات کے باوجود متاثرہ مقامات پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں، موسمی حالات کی شدت اور زمین کی نرمی کے باعث بچاؤ کی کارروائیاں پیچیدہ اور خطرناک ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے یا لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔