جکارتہ ، 28جون (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کی آئینی عدالت نے اپریل میں ہوئے عام انتخابات کے نتائج کے جائزہ کیلئے اپوزیشن کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ انڈونیشیا کے عام انتخابات میں ہارنے والے امیدوار اور خصوصی افواج کے سابق کمانڈر پربووو سبیانتو نے ملک کی آئینی عدالت میں انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ایک عرضداشت دائر کی تھی جس میں صدر جوکو ویدودو پر اپوزیشن کو شکست دینے کیلئے پولنگ کے دوران جعلسازی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔جکارتہ پوسٹ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ججوں نے کہا کہ سبیانتو اپنے الزامات ثابت کرنے کیلئے وافر شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے ۔انڈونیشیا میں 17 اپریل کو عام انتخابات ہوئے تھے ۔ ان انتخابات میں ملک کے صدر، نائب صدر اور قانون سازوں کو منتخب کیا گیا تھا۔قابل ذکر ہیکہ انڈونیشیا جنرل الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں سبکدوش ہونے والے صدر کو 55 فیصد اور اپوزیشن پربووو نے 45.5 فیصد ووٹ حاصل ہونے کا اعلان کیا گیا تھا جسکے بعد اپوزیشن حامی انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے سڑکوں پر آکرمظاہرہ کرنے لگے تھے ۔
